تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے درمیان پانچ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدے نشریات، فلم سازی، میڈیا ریگولیشن اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے لیے کیے گئے ہیں۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، ایران کے سرکاری ٹی وی چینل اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ ورلڈ سروس کے نائب صدر احمد نوروزی، ایرانی وفد، وزارت اطلاعات کے افسران اور مختلف میڈیا اداروں کے نمائندے شریک تھے۔
یہ معاہدے آئی آر آئی بی اور پاکستان کے پانچ میڈیا اداروں پاکستان ٹیلی وژن، پیمرا، باکس آفس پرائیویٹ لمیٹڈ، سب ٹی وی نیٹ ورک اور وی ایس ایچ ٹی وی کے درمیان طے پائے۔
علامہ اقبال پر بننے والی مشترکہ ڈرامہ سیریز اردو اور فارسی دونوں زبانوں میں ہوگی، عطاء اللہ تارڑ#AllamaIqbal #DramaSeries #UrduDrama #PersianDrama #AttaUllahTarar #PakistaniDrama #Poetry #CulturalHeritage #IqbalSeries #APPDigital #Literature #UrduPersian #JointProduction pic.twitter.com/UBJfIaiICX
— APP (@appcsocialmedia) November 4, 2025
پی ٹی وی اور آئی آر آئی بی کے درمیان معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سرکاری ٹی وی چینلز خبری، ثقافتی اور تربیتی مواد کا تبادلہ کریں گے اور مشترکہ پروگرامز اور ڈرامے تیار کریں گے۔ معاہدے کی مدت تین سال ہوگی، جسے خودکار طور پر بڑھایا جا سکے گا۔
پیمرا اور ایران کی ریگولیٹری اتھارٹی ساترا کے درمیان مفاہمتی یادداشت میڈیا ریگولیشن، مواد کی نگرانی، پالیسی سازی اور تحقیق میں تعاون پر مبنی ہے۔
باکس آفس پرائیویٹ لمیٹڈ اور آئی آر آئی بی کے درمیان معاہدہ فلمی صنعت میں تکنیکی اور تخلیقی تعاون سے متعلق ہے، جس کے تحت ایران فلم سازی، ایڈیٹنگ اور سیٹ ڈیزائن کے شعبوں میں پاکستان کی معاونت کرے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کا میڈیا تعاون دونوں ممالک کے درمیان فکری اور ثقافتی رشتے کو مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ علامہ محمد اقبال کی زندگی اور فلسفے پر اردو و فارسی زبانوں میں مشترکہ ڈرامہ سیریز تیار کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جو نوجوان نسل کی فکری تربیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا اور ثقافتی تعاون دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو ایک نئی جہت دے گا۔
انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر ایران کا حالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔







