عامر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پردیپ راوت ایک بے خوف اور انتہائی محنتی اداکار تھے، جو ہر کردار کو پوری لگن اور جذبے کے ساتھ نبھاتے تھے۔
فلم ’گجنی‘ میں پردیپ راوت کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ انہوں نے جس انداز میں ولن کا کردار ادا کیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ کردار بھارتی سنیما کے یادگار ولن کرداروں میں شامل ہے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ پردیپ راوت کی شاندار اداکاری نے فلم ’گجنی‘ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، اور شاید ان کے کردار کے بغیر یہ فلم اتنی کامیاب نہ ہو پاتی۔
واضح رہے کہ پردیپ راوت گزشتہ روز 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
پردیپ راوت نے 1985 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور کئی دہائیوں تک بھارتی فلم انڈسٹری کا حصہ رہے۔ وہ خاص طور پر منفی کرداروں کے لیے مشہور تھے اور کئی فلموں میں اپنی جاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔
انہوں نے امیتابھ بچن، راج ببر اور ونود کھنہ سمیت کئی بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ عامر خان کے ساتھ ان کی فلمیں ’لگان‘ اور ’گجنی‘ خاص طور پر مقبول ہوئیں، جن میں ان کے کرداروں کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
پردیپ راوت نے ہندی فلموں کے علاوہ دیگر بھارتی زبانوں کی فلموں اور ڈراموں میں بھی کام کیا اور اپنی منفرد اداکاری کے باعث ایک الگ شناخت قائم کی۔







