ڈپٹی کمشنر کے مطابق نیپالی اور پاکستانی کوہ پیماؤں پر مشتمل گراؤنڈ ریکوری ٹیم نے انتہائی دشوار گزار حالات میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ یافتہ نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا سمیت آٹھ کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد کر لی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی اور ایک غیر ملکی خاتون کوہ پیما تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باعث ریسکیو آپریشن کو مشکلات کا سامنا ہے۔

واضع رہے کہ چند روز قبل دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں شمار ہونے والی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے 10 کوہ پیما جان کی بازی ہار گئے تھے، جسے کوہ پیمائی کی تاریخ کے بڑے سانحات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

صدر الپائن کلب نے حادثے کو براڈ پیک کی تاریخ کا ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے پہلے روز دو کوہ پیماؤں کی لاشیں نکالی گئی تھیں، جبکہ تیسرے کوہ پیما کے کچھ جسمانی اعضا بھی برآمد ہوئے تھے۔ پہلے مرحلے میں نیپال سے تعلق رکھنے والے ایک کوہ پیما اور عمان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کوہ پیما کی لاشیں ریکور کی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاک فوج نے ریسکیو کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کیے، جن کی مدد سے مزید پانچ لاشوں کو اسکردو منتقل کیا گیا۔ ان میں چار نیپالی اور ایک چینی کوہ پیما شامل ہیں۔

حکام کے مطابق باقی دو لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے زمینی ریکوری ٹیمیں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی آپریشن کو مزید تیز کیا جائے گا۔