دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے ایک سادہ اعلان کے ذریعے بتایا کہ ان کے ہاں 19 ستمبر 2026 کو بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

جوڑے کی جانب سے شیئر کیے گئے اعلان میں نومولود کے پاؤں کی تصویر کے ساتھ ’’Welcome Baby Girl‘‘ لکھا گیا، جب کہ پیغام کے اختتام پر دپیکا، رنویر اور ان کی بڑی بیٹی دعا کے نام درج تھے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی دوسری اولاد ہے۔ اس سے قبل دونوں کے ہاں بیٹی دعا کی پیدائش 8 ستمبر 2024 کو ہوئی تھی۔

دپیکا اور رنویر نے رواں برس اپریل میں دوسری مرتبہ والدین بننے کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔ جوڑے نے دوسری مرتبہ والدین بننے کا اعلان بھی منفرد انداز میں کیا تھا، جس میں ان کی بیٹی دعا کو حمل کا ٹیسٹ پکڑے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

بعد ازاں رواں ماہ دپیکا اور رنویر نے اپنی بیٹی دعا کے ساتھ زچگی سے متعلق تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

بیٹی کی پیدائش سے ایک روز قبل دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے ممبئی کے سدھی وینائک مندر کا دورہ بھی کیا تھا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دونوں نے اس موقع پر جامنی رنگ کے لباس زیب تن کیے تھے۔

اس سے قبل بھی دعا کی پیدائش سے چند روز پہلے دپیکا اور رنویر نے اسی مندر کا دورہ کیا تھا۔

دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے 2018 میں اٹلی کے لیک کومو میں شادی کی تھی، جبکہ ان کی پہلی بیٹی دعا ستمبر 2024 میں پیدا ہوئی تھی۔

دوسری بیٹی کی پیدائش کے بعد دپیکا اور رنویر سنگھ کا خاندان اب چار افراد پر مشتمل ہوگیا ہے۔