ستمبر سے شروع ہونے والے اس منصوبے کے پہلے ایڈیشن میں معروف اور ابھرتے ہوئے گلوکاروں کے اشتراک سے 6 نئے گانے جاری کیے جائیں گے، جن کا مقصد موجودہ دور کے موسیقاروں اور تخلیق کاروں کو زیادہ آزاد ماحول فراہم کرنا ہے۔

ایوارڈ یافتہ فلم میکر کمال خان کی سربراہی میں ’نیو ویوو‘ روایتی میوزک پروڈکشن کے بجائے ہوم اسٹوڈیوز اور بیڈ روم میوزک کلچر کی نمائندگی کرے گا، جہاں فنکار جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے منفرد انداز میں موسیقی تخلیق کرتے ہیں۔

’نیو ویوو‘ کے پہلے ایڈیشن میں عاصم اظہر، حسن رحیم، شے گل، ینگ اسٹڈنٹ، مانو، آرین ایس ڈی کیو، افیوزک، عز چغتائی، سباط باطین اور زوہا وسیم سمیت متعدد معروف اور ابھرتے ہوئے فنکار شامل ہیں۔

پلیٹ فارم کے تحت ’ماہیا‘، ’دل‘، ’رنگین‘، ’قسم‘، ’شبنم‘ اور ’اے دیوانِ دل‘ کے عنوان سے 6 گانے ریلیز کیے جائیں گے۔ ان گانوں کی موسیقی عبداللہ کاسمبی، علی سومرو، جوکھے، روالیو، طلال قریشی اور عمیر سمیت مختلف پروڈیوسرز نے ترتیب دی ہے۔

کمال خان کے مطابق ’نیو ویوو‘ کا مقصد فنکاروں کو روایتی فارمیٹس کا پابند بنانے کے بجائے انہیں اپنے انداز اور تخلیقی وژن کے مطابق کام کرنے کی آزادی دینا ہے۔

نئے فنکاروں کو تلاش کرنے اور انہیں موقع فراہم کرنے کے لیے ’نیو ویوو پورٹل‘ بھی قائم کیا گیا تھا، جہاں ملک بھر سے ہزاروں گلوکاروں، رقاصوں اور دیگر تخلیق کاروں نے اپنا کام جمع کرایا۔

اس عمل کے ذریعے شارٹ لسٹ کیے گئے باصلاحیت فنکاروں کو نہ صرف موجودہ منصوبے میں شامل کیا گیا بلکہ مستقبل میں بھی ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے ایک وسیع ’کریئیٹو پول‘ تیار کیا گیا ہے۔

دی کوکا کولا کمپنی پاکستان اور افغانستان کے جنرل منیجر سمیع وحید کے مطابق کوک اسٹوڈیو گزشتہ 15 سیزنز کے دوران تقریباً 350 گانوں کے ذریعے پاکستانی ثقافت اور موسیقی کی عالمی سطح پر نمائندگی کرچکا ہے اور اسے 180 سے زائد ممالک میں سنا اور پسند کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق ’نیو ویوو‘ کوک اسٹوڈیو کے اسی سفر کا اگلا باب ہے، جو روایتی ہاؤس بینڈ کے بجائے لیپ ٹاپ، ڈیجیٹل اسٹوڈیوز اور جدید دور کی آزاد موسیقی کو مرکز بناتے ہوئے پاکستانی موسیقی کے لیے نئے امکانات پیدا کرے گا۔