متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے مطابق بیساکھی اور خالصہ کے 327ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں انڈیا سے آنے والے سکھ یاتریوں کو 2800 سے زائد ویزے جاری کیے گئے ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق انڈیا اور دنیا کے دیگر ممالک سے آنے والے زائرین کے لیے سیکیورٹی اور مہمان نوازی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب میں ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور وزیرِ صحت پنجاب و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی۔
327 واں وساکھی فیسٹیول 10 سے 19 اپریل تک جاری رہے گا؛ دنیا بھر سے 26 ہزار یاتریوں کی آمد متوقع، تمام انتظامات مکمل۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ میں وساکھی فیسٹیول کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ اپنی روایات کے… pic.twitter.com/ipVBhmInUL
— Home Department Punjab (@homedptpunjab) April 7, 2026
اجلاس میں بتایا گیا کہ انڈین سکھ یاتری 10 اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچیں گے۔ یہ میلہ 10 سے 19 اپریل تک جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر سے 26 ہزار سے زائد عازمین کی شرکت متوقع ہے، جب کہ مرکزی تقریب 14 اپریل کو حسن ابدال میں واقع گوردوارہ پنجہ صاحب میں منعقد ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خواجہ سلمان رفیق نے سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام ضلعی حکام کو جامع حفاظتی انتظامات اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ای ٹی پی بی کے ایڈیشنل سیکرٹری (مزارات) ناصر مشتاق نے اجلاس کو بتایا کہ تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں رہائش کے لیے آرام دہ قیام، معیاری بستر، صاف پینے کا پانی، ایئر کنڈیشنگ اور گوردواروں و رہائشی مقامات پر مناسب واش رومز کی فراہمی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات اور گرد و نواح میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے، جن میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں، سخت نگرانی، سی سی ٹی وی کیمروں اور عارضی حفاظتی تنصیبات کا استعمال شامل ہوگا۔
327 واں وساکھی فیسٹیول 10 سے 19 اپریل تک جاری رہے گا؛ دنیا بھر سے 26 ہزار یاتریوں کی آمد متوقع، تمام انتظامات مکمل۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ میں وساکھی فیسٹیول کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ اپنی روایات کے… pic.twitter.com/msc93R8H6t
— Home Department Punjab (@homedptpunjab) April 7, 2026
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامی افسران کے درمیان مؤثر رابطے کے لیے واٹس ایپ گروپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے بعد انڈین حکومت نے اپنے شہریوں کو پاکستان جانے سے روک دیا تھا، تاہم نومبر میں سکھ برادری کے احتجاج کے بعد انہیں مختلف مذہبی مواقع پر پاکستان آنے کی اجازت دے دی گئی۔
دوسری جانب کرتارپور راہداری، جو گوردوارہ دربار صاحب تک ویزہ فری رسائی فراہم کرتی ہے، مئی 2025 کی کشیدگی کے بعد تاحال بند ہے۔ انڈیا نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیا ہے، جب کہ پاکستان نے اسے اپنی جانب سے کھلا رکھا ہے اور انڈیا سے بھی اسے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ بیساکھی، جسے ویساکھی بھی کہا جاتا ہے، ہندو مہینے ویساکھ کے پہلے دن منائی جاتی ہے اور یہ فصلِ کٹائی کے موسم کے آغاز کی علامت بھی ہے۔







