الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ہر سال 31 دسمبر تک اراکینِ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے اپنے اور اپنے زیرِ کفالت افراد کے مالی گوشوارے جمع کرانا لازم ہوتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتخابی قانون 2017 کی شق 137 کے تحت 15 جنوری تک متعلقہ اراکین کو گوشوارے جمع کرانے کی مہلت دی جاتی ہے، تاہم اس میں ناکام رہنے والے اراکین کی رکنیت 16 جنوری سے معطل کر دی جاتی ہے۔ گوشوارے جمع کرانے پر معطل رکنیت بحال کر دی جاتی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کے 26، قومی اسمبلی کے 125، پنجاب اسمبلی کے 159، سندھ اسمبلی کے 62، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 48 اور بلوچستان اسمبلی کے 26 اراکین نے مالی سال 2024-25 کے دوران اپنے اور زیرِ کفالت افراد کے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہیں کرائے، لہٰذا 16 جنوری 2026 سے ان اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔