میر محمد بلوچ واٹر پمپنگ اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رنچھوڑ لائن میں واقع اس پمپنگ اسٹیشن کا سنگِ بنیاد 1991 میں رکھا گیا تھا، مگر منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔

ان کے بقول اُس وقت کے میئر نے صرف سنگِ بنیاد رکھا، تصاویر بنوائیں اور بعد میں اعلیٰ سرکاری عہدوں پر بھی فائز رہے، جب کہ 2001 میں آنے والے ناظم بھی شہر کی تعمیر کے دعوے کرتے رہے، لیکن عوام کے بنیادی مسائل حل نہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ بلدیاتی قیادت ہمیشہ اختیارات نہ ہونے کا شکوہ کرتی رہی، جب کہ موجودہ انتظامیہ وعدے کرنے کے ساتھ انہیں پورا بھی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام میں سے تھے، عوام میں ہیں اور عوام کے درمیان رہیں گے، جب کہ 38 سال ووٹ لینے والوں نے شہریوں کو پانی تک فراہم نہیں کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ مخالفین چاہے 24 پریس کانفرنسیں کر لیں، اصل معیار کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم منصوبوں کی تکمیل کے لیے میدان میں موجود ہے، جب کہ مخالفین صرف بیانات تک محدود ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں اپنی عمر کے اس مرحلے پر عوام کی خدمت کر کے دعائیں سمیٹنی چاہییں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو جماعتیں خود متحد نہیں، وہ شہر میں اتحاد اور استحکام کیسے لا سکتی ہیں۔

میئر کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں کراچی میں مزید ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے اور شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔