سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ  پیٹرول و ڈیزل کی قیمت فوری بڑھانے والی حکومت پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ کرے اور آج ہی پیٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں  میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں اساتذہ کو 5 سے 8 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر رکھا جا رہا ہے، جو معیارِ تعلیم کے لیے نقصان دہ ہے۔ اتنی کم تنخواہ پر تعینات اساتذہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم نہیں کر سکتے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت پہلے ہی 11 ہزار اسکول آؤٹ سورس کر چکی ہے، جب کہ اب مزید 25 ہزار اسکولوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سرکاری محکموں خصوصاً تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبوں کو آؤٹ سورس کرنا عوامی مفاد کے خلاف ہے۔ بنیادی صحت مراکز کو بھی آؤٹ سورس کر کے مریم نواز کے نام سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مہنگائی کے حوالے سے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہر موٹرسائیکل سوار 150 روپے فی لیٹر ٹیکس ادا کر رہا ہے، جو عوام پر اضافی بوجھ ہے۔

مزید پڑھیں: بنیادی حقوق کی فراہمی تک ’حق دو کراچی‘ تحریک جاری رہے گی، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ تعلیمی نظام قائم ہو چکا ہے، جو معاشرتی ناانصافی کو بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے اور جماعت اسلامی ایسے طبقات کے لیے تحریک چلا رہی ہے جو بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔