ای ٹیکسی اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ ہے جہاں ای ٹیکسی اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گرین الیکٹرو بسوں نے صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور اب ایسی جدید گرین بسیں پنجاب کے شہروں میں چل رہی ہیں جو یورپ میں بھی کم نظر آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 1500 نئی بسیں آرہی ہیں، جب کہ مزید 1100 بسیں بھی بیڑے میں شامل کی جائیں گی، جب کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب پورے پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے سرکاری طور پہ ای ٹیکسی اسکیم لانچ کی۔ یہ ماحول دوست اقدام ہے اور باعزت روزگار کا ذریعہ بھی۔ 30 فیصد سے زائد مستفید ہونے والے خواتین ہیں۔ پنک ٹیکسی خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ ٹیچرز، سائیکالوجسٹ اور سنگل مدرز نے… pic.twitter.com/rGNfGDk9zx
— PMLN (@pmln_org) February 26, 2026
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں گرین بس سروس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا اور طلبہ، خواتین، بزرگوں اور خصوصی افراد کو گرین بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جلد ٹریک لیس ٹرین منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم روزگار کا باعزت اور ماحول دوست منصوبہ ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں 1100 ای وہیکلز دی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ای سکیم میں چار ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، خواتین ڈرائیوروں کیلئے 60 فیصد، جب کہ مرد ڈرائیوروں کیلئے 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ای ٹیکسی سے ماہانہ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک آمدن ممکن ہے، جب کہ خواتین کیلئے 30 فیصد سے زائد کوٹہ مختص کرنے پر وہ انتہائی خوش ہیں۔
1100 ای ٹیکسیاں لانچ کی جا چکی ہیں۔ 40 آج دے دی گئی ہیں۔ اگلے 48 گھنٹوں میں یہ لاہور اور دیگر شہروں کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ یہ جدید، معیاری اور باعزت سفری سہولت ہے۔ وہ معیار جو خلیجی اور یورپی ممالک میں دیکھا جاتا ہے، اب یہاں دستیاب ہوگا۔ یہ ای ٹیکسیاں ماحول دوست ہیں۔ کم آلودگی… pic.twitter.com/1xttZrczGs
— PMLN (@pmln_org) February 26, 2026
انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون ٹیچر، سائیکالوجسٹ اور دیگر خواتین کو بھی اسکیم کے تحت گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین عموماً ٹیکسی ڈرائیونگ کو بطور روزگار اختیار نہیں کرتیں اور مردوں کے ساتھ واسطہ پڑنے سے خوفزدہ ہوتی ہیں، تاہم پنجاب میں خواتین کو کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ہر ماں، بہن اور بیٹی محفوظ ہے اور اگر کسی نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو پوری حکومت متاثرہ خاتون کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2024 میں مہنگائی کا گراف اوپر جا رہا تھا، 2025 میں استحکام آیا اور 2026 میں مہنگائی میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے، جب کہ 20 کلو کا تھیلا 1850 روپے میں دستیاب ہے، جب کہ پیاز، ٹماٹر، سبزیوں اور دالوں سمیت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 42 لاکھ خاندانوں اور ڈھائی لاکھ افراد کو نگہبان رمضان پیکیج کے تحت 10،10 ہزار روپے گھروں تک پہنچائے گئے۔ مخیر حضرات کے تعاون سے 450 نگہبان دسترخوان قائم کیے گئے جہاں روزانہ سوا لاکھ افراد کو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کیلئے بھی دسترخوان لگائے گئے ہیں۔
اللہ کا شکر ہے کہ گورننس کا ماڈل واضح ہے کہ حق لوگوں کی دہلیز تک پہنچے۔ رمضان میں 42 لاکھ خاندانوں کو 10 ہزار روپے کا رمضان نگہبان کارڈ گھر جا کر دیا گیا۔ یہ رقم راشن کے لیے ہے۔ اگر اوسط خاندان 6 افراد پر مشتمل ہو تو یہ سہولت تقریباً ڈھائی کروڑ افراد تک پہنچی۔ ماضی میں لوگ قطاروں… pic.twitter.com/E3FRtocKZC
— PMLN (@pmln_org) February 26, 2026
انہوں نے اعلان کیا کہ اگر کسی کو راشن کارڈ یا نگہبان پروگرام کا فائدہ نہیں ملا تو وہ 1000 پر کال کرے، 24 گھنٹے میں مدد فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہیپاٹائٹس، کینسر اور ذیابیطس کے مریضوں کو دو ماہ کی ادویات اور انسولین گھروں کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہے۔ ہر ضلع کی کیتھ لیب میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی سہولت دستیاب ہے، جب کہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے مریضوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میت کی منتقلی کیلئے فری ایمبولینس سروس شروع کرنے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے، اب سوگوار خاندانوں کو پرائیویٹ ایمبولینس کیلئے ہزاروں روپے خرچ نہیں کرنا پڑیں گے۔
سموگ کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین نے 30 سال میں سموگ پر قابو پایا، جب کہ پنجاب نے دو سال میں نمایاں بہتری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر ماحولیات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور آنے والے برسوں میں فضائی آلودگی میں مزید کمی آئے گی۔
پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں، چاہے وہ ٹرشری کیئر ہوں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہوں یا تحصیل ہیڈکوارٹر، ان کے لان اور اوپن ایریاز میں دسترخوان قائم کر دیے گئے ہیں۔ جو لوگ سرکاری ہسپتال کا رخ کرتے ہیں، ان میں اکثریت محدود وسائل رکھتی ہے۔ مریض کے ساتھ آنے والے لواحقین اکثر مالی دباؤ… pic.twitter.com/ObmUn68lMv
— PMLN (@pmln_org) February 26, 2026
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2026 کو نوجوانوں کا سال قرار دیا گیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ عوام کی خدمت کر سکیں تاکہ تاریخ میں ان کا نام عزت سے لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا کام دفاتر میں بیٹھنا نہیں بلکہ میدان میں جا کر عوامی مسائل حل کرنا ہے اور اگر وزیراعلیٰ کام نہیں کرے گا تو کوئی وزیر یا مشیر بھی کام نہیں کرے گا۔






