ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے گرد کارروائیوں کے دوران رئیس گوٹھ کراچی میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں ملزم کے قبضے سے 3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے جوتوں سے 548 گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 74.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 2025 میں پنجاب پولیس تحفظ مراکز کی کارکردگی رپورٹ جاری، کیا کچھ کیا گیا؟

اسی طرح غوری ٹاؤن اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے 3 ملزمان گرفتار کیے گئے، جب کہ غوری ٹاؤن میں ہی ایک اور کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔