اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
بابائے قوم کے یومِ ولادت پر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مختلف تقریبات، سیمینارز اور خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں مسلمانوںِ برصغیر کے لیے قائداعظم کی انتھک جدوجہد اور قیامِ پاکستان میں ان کی تاریخی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
کراچی میں مزارِ قائد پر ہونے والی تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری (ہلالِ امتیاز) تھے۔ اس موقع پر پاک فوج کے دستے نے سلامی دی جبکہ فوجی کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
Change of guard ceremony held at the Quaid’s Mausoleum on the birth anniversary of the founding father of the nation Mohammad Ali Jinnah.#QuaidEAzam #MuhammadAliJinnah #PakistanZindabad #NationalPride #UnityFaithDiscipline #PakistanTV #PakistanTVglobal pic.twitter.com/I7XF2EtmIg
— Pakistan TV (@PakTVGlobal) December 25, 2025
قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک ممتاز وکیل اور مدبر سیاست دان تھے جنہوں نے غیر معمولی قیادت، بصیرت اور اصولی جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم ان کی فکر کا نچوڑ تھے اور ان کا وژن ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق، آزادی اور انصاف میسر ہو۔
نہرو، گاندھی اور پٹیل جیسے رہنماؤں کی موجودگی میں قائداعظم نے مسلمانوں کو ایک الگ وطن دلایا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر تاریخ کا رخ موڑ دیا۔
افواجِ پاکستان اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نے بلا تفریق رنگ و نسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسے اصولوں کا درس دیا جو آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔







