چترال میں خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ آپ سب لوگ پڑھنا اور آگے بڑھنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی آپ کو پڑھائے اور آگے بڑھائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے  بنو قابل  پروگرام میں اب تک 14 لاکھ 50 ہزار طلبہ و طالبات رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جب کہ آئی ٹی کا یہ مفت پروگرام نوجوانوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ شرح خواندگی چترال میں ہے، تاہم ان پہاڑی علاقوں میں تعلیم کی سہولیات اب بھی ناکافی ہیں۔ حکومت نے تعلیم کو بہت مہنگا کر دیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ معاشرہ بھی اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حکمرانوں پر دباؤ ڈالنے کے ساتھ اپنے حصے کا چراغ بھی جلانا ہے۔ آئی ٹی کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل اور اسکل پروگرامز بھی شروع کیے جا چکے ہیں، جن میں الیکٹریشن، موبائل ریپئرنگ اور پلمبنگ جیسے کورسز شامل ہیں۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ  جنریشن زی کنیکٹ پروگرام  کے تحت نوجوانوں کو جدید تربیت کے ساتھ اخلاقیات بھی سکھائی جائیں گی تاکہ وہ ایک مثبت اور باصلاحیت معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کر سکیں۔