بیجنگ میں عظیم عوامی ہال میں منعقدہ ایک پُروقار استقبالیہ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے ان کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کو چینی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے بھی ایک دوسرے سے تعارف کرایا اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے، جن میں اقتصادی تعاون، سی پیک منصوبوں، علاقائی صورتحال اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کا دورہ ہمیشہ ان کے لیے خوشی کا باعث ہوتا ہے اور یہاں آ کر ترقی اور جدید تعمیرات دیکھنے کو ملتی ہیں، چین کے صوبے شانسی کی کوئلے کی کان میں ہونے والے حالیہ دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اس وقت اپنی سفارتی دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں، اور یہ تعلق بانی رہنماؤں کی دور اندیشی کا نتیجہ ہے جسے دونوں ممالک آگے بڑھا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا اس وقت نازک دور سے گزر رہی ہے، خصوصاً خلیجی خطے کی صورتحال تشویشناک ہے، تاہم پاکستان نے ہمیشہ امن کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے بھی کوششیں کی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ صدر شی جن پنگ کے امن سے متعلق چار نکاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتے ہیں جبکہ پاکستان اور چین کو مل کر خطے میں پائیدار امن کے لیے کام جاری رکھنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف آج چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ عالمی بحرانوں نے نہ صرف دنیا کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے بلکہ پاکستان بھی اس کے اثرات سے متاثر ہوا ہے، لہٰذا عالمی سطح پر تعاون اور امن کا فروغ ناگزیر ہے۔
دوسری جانب چینی وزیراعظم لی چیانگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ قریبی رابطہ اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان نے علاقائی امن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور چین پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر شی جن پنگ کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوگی، جو دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔







