لاہور میں ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے جھوٹ، گالم گلوچ، بدتمیزی اور فتنے کی سیاست کو شکست ہوئی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ سنایا، جب کہ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرنے والے خود انتخابی میدان میں اُترے اور شکست کھائی۔

 سابق وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، ملک میں صرف تباہی آئی، بدتہذیبی کو فروغ ملا، خارجہ محاذ پر پاکستان تنہائی کا شکار ہوا، میرٹ کو پامال کیا گیا اور ملک دیوالیہ پن کے دہانے تک پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ترقی کی رفتار 2017ء کے بعد جاری رہتی تو آج پاکستان عالمی سطح پر ایک مختلف مقام پر کھڑا ہوتا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ ملکی ترقی کے لیے منصوبے شروع کیے۔ آج حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا گیا ہے اور وفاق و پنجاب کی حکومتیں دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال میں عوامی خدمت کا مثالی ریکارڈ قائم کیا ہے اور پاکستان کو اخلاقی و معاشرتی انتشار سے نکالنے کی کوشش کی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان اکیلا مجرم نہیں، اسے لانے والے بھی برابر کے شریک ہیں۔ دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے والے خود چور ثابت ہوئے۔ فتنہ و فساد اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست میں کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں غریب طبقے کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، غریبوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اسپتال بن رہے ہیں اور ہر ضلع میں گرین بسیں چل رہی ہیں۔ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی پہلے سے کہیں بہتر ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اپنے فیصلے خود نہیں کر سکتے تھے کیونکہ فیصلے غیروں کے ہاتھ میں دے دیے گئے تھے، یہ غلطی ہماری نہیں بلکہ تحریک انصاف کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کہا ہم الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے، بائیکاٹ ایسے ہوتا ہے۔عمر ایوب کی اہلیہ الیکشن لڑ رہی تھی لیکن عوام نے ووٹ کارکردگی کی بنیاد پر دیا، شہباز شریف اور مریم نواز کو شاباش دیتا ہوں جنہوں نے محنت سے کام کرکے وہ مقام حاصل کیا جو ہم نے کھو دیا تھا، پاکستان اڑان بھر چکا ہے۔

 نواز شریف نے شہباز شریف اور مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محنت سے وہ مقام دوبارہ حاصل کیا جو کسی وقت ہم کھو بیٹھے تھے۔ پاکستان دوبارہ ترقی کی اڑان بھر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا، گروتھ ریٹ بڑھ رہا تھا، مہنگائی صرف تین فیصد تھی جسے 39 فیصد تک پہنچا دیا گیا، اگرچہ اب یہ شرح کم ہو کر چار فیصد تک آ گئی ہے مگر روپے کی قدر گرانے کا جو نقصان ہوا، اس کا خمیازہ آج ہر شہری بھگت رہا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کی تمام چھ نشستوں اور صوبائی اسمبلی کی سات میں سے چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔