عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال جانے والے متعدد راستے ٹریفک کے لیے بند کردیے ہیں، جبکہ ہسپتال اور اس کے اطراف اضافی پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ہسپتال کی جانب جانے والے اہم راستوں پر بیریئرز نصب کیے گئے ہیں اور آمد و رفت کی نگرانی بھی سخت کردی گئی ہے۔ سکیورٹی اقدامات کے باعث ہسپتال کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ایف بلاک کی چوتھی منزل پر رکھا گیا ہے۔ ہسپتال کا یہ حصہ ایگزیکٹو فلور ہے، جہاں ماضی میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی رکھا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق چوتھی منزل پر گردوں اور جگر کے مریضوں کے خصوصی ٹیسٹ کی سہولیات بھی موجود ہیں، جبکہ ہسپتال انتظامیہ کو عمران خان کی منتقلی سے پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ہائی بلڈ پریشر کے ساتھ آنکھوں اور پٹھوں میں درد کی شکایات بھی ہیں، تاہم ان کی موجودہ طبی حالت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے، جس پر حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔







