دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے آخری مراحل میں داخل ہونے والے امریکا، ایران مذاکرات کا خیرمقدم کیا اور معاہدے کی دستخطی تقریب کل منعقد ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اہم پیش رفت خطے میں دیرپا امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگی۔

دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے مذاکراتی عمل اور ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے مسلسل اور فعال کردار کو سراہا اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی تعریف کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اس ماہ کے آخر میں مصر میں ہونے والے علاقائی چار ملکی وزرائے خارجہ کے مجوزہ اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔