ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے ریاست ہائے متحدہ امریکا کے ڈائریکٹر برائے قومی انٹیلی جنس کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی میزائل صلاحیتوں کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس امر پر زور دیا جاتا ہے کہ پاکستان کی تزویراتی صلاحیتیں خالصتاً دفاعی نوعیت کی حامل ہیں، جن کا مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کا میزائل پروگرام، جو بین البراعظمی حدِ مار سے کہیں کم ہے، انڈیا کے مقابلے میں قابلِ اعتماد کم از کم بازدار قوت کے نظریے پر مضبوطی سے قائم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس انڈیا کی جانب سے 12 ہزار کلومیٹر سے زائد حدِ مار رکھنے والی میزائل صلاحیت کی ترقی ایک ایسے رجحان کی عکاسی کرتی ہے جو علاقائی سلامتی کے تقاضوں سے آگے بڑھتا ہے اور بلاشبہ خطے اور اس سے باہر کے لیے باعثِ تشویش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 21 مارچ کو ہوگی
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، ریاست ہائے متحدہ امریکا کے ساتھ باہمی احترام، عدم امتیاز اور حقائق پر مبنی طرزِ عمل کی بنیاد پر تعمیری روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ ہم ایک متوازن اور سوچا سمجھا نقطۂ نظر اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں، جو جنوبی ایشیا کی تزویراتی ضروریات سے ہم آہنگ ہو اور پورے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہو۔







