سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لکھا کہ الحمدللہ، مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے سنگاپور کے ذریعے 11 پاکستانیوں اور ہمارے برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی وطن واپسی میں کامیابی حاصل کر لی ہے، جو امریکا کی جانب سے گہرے سمندر میں تحویل میں لیے گئے جہازوں پر سوار تھے۔
اسحاق ڈار نے لکھا کہ تمام افراد کو سنگاپور کے راستے محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا، جہاں سے وہ بنکاک پہنچ چکے ہیں اور اسلام آباد کے لیے پرواز پر سوار ہو گئے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ افراد آج رات اسلام آباد پہنچ جائیں گے، جبکہ ایرانی شہریوں کو بعد ازاں ان کے ملک واپس بھیجنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔
بیان کے مطابق تمام افراد کی صحت تسلی بخش ہے اور وہ حوصلہ مند ہیں۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً مشکلات میں گھرے شہریوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
Alhamdolillah, I am pleased to share that we have been successful in the repatriation of 11 Pakistani nationals, alongside 20 nationals of our brotherly country Iran, through Singapore, who were aboard vessels seized in the high seas by the United States.
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) May 15, 2026
All individuals are in…
وزیر خارجہ نے اس عمل میں تعاون پر سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالاکرشنن، سنگاپور کے وزیر اعظم اور حکومتِ سنگاپور کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ایرانی شہریوں کی واپسی کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا۔
اسحاق ڈار نے امریکا اور تھائی لینڈ کی بھی تعریف کی، جنہوں نے 31 افراد کی واپسی کے عمل میں قریبی تعاون فراہم کیا اور بنکاک کے ذریعے ٹرانزٹ کی سہولت دی۔
انہوں نے اپنے بیان میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور سنگاپور و تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفارتی مشنز کی مشترکہ کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی بروقت کوششوں سے یہ کارروائی محفوظ اور کامیاب طریقے سے مکمل ہوئی۔






