اتوار کی صبح جاری کیے گئے اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کوششوں پر دونوں ممالک نے مثبت ردعمل دیا اور اپنے وفود اسلام آباد بھیجے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر امریکا اور ایران کی جانب سے وفود بھیجنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس عمل میں ثالث اور سہولت کار کے طور پر کردار ادا کیا، جبکہ انہوں نے خود بطور نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی مذاکراتی عمل میں معاونت فراہم کی۔
اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئندہ بھی اس نوعیت کی مثبت اور تعمیری سفارتی کاوشوں میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق یہ نہایت ضروری ہے کہ دونوں ممالک جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم رہیں تاکہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے امریکا اور ایران مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے مشترکہ راستہ اختیار کریں گے۔ اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے کردار کو دونوں ممالک کی جانب سے تسلیم کیا جانا ایک اہم پیش رفت ہے، جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔







