ترجمان دفتر خارجہ طاہر عندرابی نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان انڈین وزیرِ خارجہ کے بے سروپا الزامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے خصوصاً مسلح افواج ملکی سلامتی کے ستون ہیں، جو مادرِ وطن کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکس ہیں۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ  مئی 2025 کے تنازعے نے پاکستان کی فوج کے پروفیشنل ازم اور دفاع کے لیے اُن کے غیر متزلزل عزم کو پوری دنیا کے سامنے ثابت کر دیا۔

طاہر عندرابی نے کہا کہ انڈین قیادت کا مقصد پاکستان کے اداروں اور قیادت کو بدنام کرنا نہیں بلکہ اپنے خطے میں عدم استحکام پھیلانے والے کردار اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی یافتہ دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ انڈیا کے یہ بیانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ نئی دہلی خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا کو پاکستان کی افواج پر الزامات لگانے کے بجائے اپنی ہندوتوا پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے، جس نے ملک میں ہجوم کے ہاتھوں قتل، امتیازی سلوک، ماورائے عدالت گرفتاریاں اور عبادت گاہوں کی مسماری جیسے واقعات کو جنم دیا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، لیکن قومی مفاد اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد اور پُرعزم ہے۔