ذرائع کے مطابق باجوڑ سیکٹر میں پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں تباہ کر دی ہیں۔ کارروائی کے دوران پاک فوج نے گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے سرحد پار موجود ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد سرحدی علاقوں میں دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی موجودگی کو ختم کرنا ہے۔
دوسری جانب کرم سیکٹر میں بھی پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق مؤثر کارروائی کے نتیجے میں متعدد پوسٹیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ کئی دہشت گرد ہلاک اور دیگر فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اور سرحدی علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔






