مجھے تاحال بانی سے ملاقات کی کوئی آفر نہیں ہوئی ہے ، حکومت کا شکوہ ہے کہ بانی سے ملاقاتیں اس لئے بند ہیں کہ ملنے والے رہنما اڈیالہ میں غلط بریفنگ دیتے ہیں ۔ بانی سے کون ملاقات کرے گا؟ کون ملاقات نہیں کرے گا ، یہ فیصلہ تو حکومت کرتی ہے ۔
پاکستان میٹرزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسد عمرنے کہا ہے کہ میں نے تحریک انصاف کیوں چھوڑی؟ عمران خان رہا ہو کر باہر آئیں گے تو دروازہ بند کرکے سب کچھ انہیں بتاؤں گا۔
پنجاب خیبر پختونخوا کے موازنے پر سوال کے جواب میں سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا، خیبر پختونخوا میں دہشت گردی ہے، پنجاب میں مکمل امن ہے، پنجاب کی 60 فیصد آبادی زراعت سے تعلق رکھتی ہے ،صوبے کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پنجاب کا کسان بدترین تکلیف سے گزر رہا ہے۔ نہ تو اس کی فصل اچھی ہورہی ہے اور نہ ہی اسے اچھی قیمت مل رہی ہے۔ پنجاب کے شہریوں کی زندگی آج سے چار سال پہلے کی نسبت بہتر ہر گز نہیں ہے۔
کسان گزشتہ تین، چار سالوں سے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، کسی بھی کسان سے پوچھ لیں کہ اسے اپنی اجناس کی کیا قمیت ملی ہے؟ کیڑے مار ادویات اور کھاد سب مہنگی ہیں، اس وقت مہنگائی کی شرح بہت اوپر چلی گئی ہے جب کہ کسان کی آمدن پہلے بھی کم ہوچکی ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے ضم شدہ اضلاع کا بجٹ خیبر پختونخوا حکومت کو دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی شکایات دور نہ کی گئیں، انہیں روزگار اور تعلیم کے مواقع نہ دئیے گئے تو نوجوان جو کوئی اقدام اٹھائیں گے اس کا خمیازہ پورا پاکستان بھگتے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فلیڈ مارشل، وزیراعظم اور وزیرخارجہ تاریخی کردار ادا کررہے ہیں، نواز شریف
غیررسمی گفتگو میں انہوں نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور قائد مسلم لیگ ن سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں، سیاسی مفاہمت کے لیے ملنا پڑا تو ضرور ملوں گا۔ تمام سیاستدان جمہوریت کے حق میں ہیں اور ملک میں موجودہ ’نظام‘ سے نالاں ہیں۔
ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے وفد میں جنرل سیکرٹری میاں انیب ظہیر، اردو نیوز سے ادیب یوسفزئی ، پاکستان میٹرز کے ایڈیٹر اظہر تھراج، پنجاب پوسٹ سے امجد حسین بخاری، ڈیلی سوشل پاکستان سے عمران علی خان ، اردو پوائنٹ سے اسامہ چوہدری ،روزنامہ نئی عدالت سے حافظ خرم ، براڈیفائی ڈیجیٹل سے حسینین زمان ، پنجاب پوسٹ سے فہد یوسفزئی اور یوتھ ڈیجیٹل سے حافظ عتیق شامل تھے ۔ سابق سیکرٹری جنرل تحریک انصاف نے وفد کیساتھ گفتگو میں قومی مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔







