صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں سیاسی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے پیپلز پارٹی کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے جن میں پنجاب حکومت کے رویے پر گہری تشویش شامل تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے اور پنجاب حکومت کے بارے میں قیادت سے مشاورت کریں گے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی برداشت اور رواداری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ہم نہ گالم گلوچ کی سیاست کے قائل ہیں نہ بلیک میلنگ کے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ حالیہ سیاسی کشیدگی کے دوران مسلم لیگ ن کی قیادت کی خاموشی دکھ کا باعث بنی۔ زرداری نے کہا کہ اتحادی ہونے کے ناطے لیگی قیادت کو مداخلت کر کے کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی تحمل، شائستگی اور اتحادی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کے فروغ پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر زرداری کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت سیاسی ہم آہنگی اور باہمی احترام کے اصولوں پر قائم رہے گی۔






