وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چینی نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے چین کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ دونوں فریقین نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تاریخی اہمیت پر بھی زور دیا اور اس موقع کو مستقبل کی جانب دیکھنے والی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے استعمال کرنے پر اتفاق کیا، جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعاون کو مزید فروغ دینا شامل ہے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نئے سال کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شنگ سے بھی ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے سی پی سی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے مکمل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیر لیو کو مبارکباد دی۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ پارٹی ٹو پارٹی روابط، علاقائی صورتحال اور سی پیک کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایانِ شان اور بامقصد انداز میں منانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ساتویں پاکستان–چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کے لیے چین کے دورے پر ہیں۔