ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اس موقع پر زور دیا کہ تمام فریق جون 2026 کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad MOU) کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں، کشیدگی میں کمی لائیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں، جبکہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ علاقائی صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھنے اور باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مطابق کشیدگی میں کمی، تحمل اور سفارتکاری کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔