پولیس حکام کے مطابق انسپکٹر جنرل اسلام آباد آئی جی پولیس کی ہدایت پر شہر کے مختلف حساس اور اہم علاقوں میں بیک وقت سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرنا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ آپریشنز تھانہ گولڑہ، سہالہ، سیکریٹریٹ، کرپا، سمبل، انڈسٹریل ایریا، رمنا اور کھنہ سمیت مختلف علاقوں میں متعلقہ زونل ایس پیز کی نگرانی میں کیے گئے، جن میں مرد اہلکاروں کے ساتھ لیڈیز پولیس کی ٹیموں نے بھی بھرپور حصہ لیا تاکہ گھروں کی مکمل اور مؤثر تلاشی لی جا سکے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران 546 افراد کی بائیو میٹرک اور دستاویزی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ 248 گھروں کی تلاشی لی گئی۔ اس کے علاوہ شہر میں قائم 29 ہوٹلز کو بھی چیک کیا گیا تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مشکوک قیام کی نشاندہی کی جا سکے۔

مزید برآں 326 موٹر سائیکلوں اور 123 گاڑیوں کی تفصیلی چیکنگ کی گئی، جس کے دوران 30 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔ ایک گاڑی اور 33 موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں تاکہ ان کی مکمل جانچ پڑتال کی جا سکے۔

سیکیورٹی کو مزید سخت بنانے کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں ہر آنے جانے والی گاڑی اور فرد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے مشترکہ گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ تمام اقدامات مؤثر انداز میں جاری رہیں۔

اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں،کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینا شہری ذمہ داری ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔