ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اتوار کی صبح اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں سلنڈر دھماکہ ہوا، جہاں مجموعی طور پر 19 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ان میں سے 8 افراد جانبر نہ ہو سکے جبکہ 10 زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھماکے میں دلہا اور دلہن بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد گھر متاثر ہوئے ہیں اور ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس کے سینئر افسران ڈی آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں باہمی رابطے کے ساتھ امدادی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں جبکہ علاقے کو مکمل طور پر کارڈن آف کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف کے مطابق سلنڈر دھماکے کے باعث چار گھر متاثر ہوئے تاہم ملبے کے نیچے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔