قومی اسمبلی کے وقفۂ سوالات کے دوران وزارتِ ریلوے کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے نے تاریخ میں پہلی بار مسلسل دوسرے سال منافع کمایا ہے۔ ریلوے کی مجموعی آمدن 93 ارب 60 کروڑ روپے جبکہ اخراجات 91 ارب 18 کروڑ روپے رہے۔

تحریری جواب کے مطابق مالی سال 2022-23 میں 8 ارب 46 کروڑ روپے خسارے کے بعد ریلوے نے مسلسل دوسرے سال منافع حاصل کیا، جس کے بعد پاکستان ریلوے اب ایک منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔

جواب میں مزید بتایا گیا کہ ریلوے کی آمدن میں نمایاں اضافے سے ادارے کی مالی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ مسافر اور مال بردار ٹرینوں سے حاصل ہونے والی آمدن میں اضافے نے ریلوے کو فائدہ پہنچایا، جب کہ ریلوے کی مجموعی آمدن پہلی بار 93 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔ تاہم ادارے کی مالی پوزیشن مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات تاحال جاری ہیں۔