وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ٹاؤن ہال لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالاضحیٰ کے دوران شہر بھر میں قائم کی جانے والی مویشی منڈیوں، صفائی پلان اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ذیشان ملک، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز، اسسٹنٹ کمشنرز اور سُتھرا پنجاب پروگرام کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیر بلدیات نے عید سے قبل خصوصی صفائی مہم کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی آمد کے ساتھ ہی گلی محلوں میں صفائی آپریشن مزید مؤثر بنایا جائے، شہر میں قائم تمام سیل پوائنٹس اور مویشی منڈیوں پر پانی، چارہ، پارکنگ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ لاہور میں صرف وہی عارضی مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت ہوگی جنہیں ضلعی انتظامیہ نے باقاعدہ نوٹیفائی کیا ہے، جبکہ نجی سطح پر قائم ہونے والی غیر قانونی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، بیوپاریوں کو شہر کی سڑکوں، رہائشی علاقوں یا غیر منظور شدہ مقامات پر جانور فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کے تینوں دن لاہور کے اہم مقامات پر خصوصی سہولت کیمپ قائم کیے جائیں گے جہاں ایم سی ایل اور سُتھرا پنجاب کا عملہ موجود رہے گا۔ شہریوں میں قربانی کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے ماحول دوست بیگز بھی مفت تقسیم کیے جائیں گے تاکہ صفائی کا نظام بہتر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر “زیرو ویسٹ” پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے، جس کیلئے اضافی مشینری، عملہ اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک نے ہدایت کی کہ گزشتہ برس پیش آنے والے مسائل اور شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار پہلے سے بہتر انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں آلائشیں جمع کرنے کیلئے اضافی ویسٹ انکلوژرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ تعفن اور ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔
ادھر لاہور پولیس نے بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں کیلئے جامع سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ شہریوں، بیوپاریوں اور مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر میں 6 منظور شدہ مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گی جن میں سگیاں روڈ شاہدرہ، سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ چھبیل، برکی روڈ پیراگون سٹی کے قریب، ایل ڈی اے سٹی کاہنہ کاچھا، شاہ پور کانجراں اور رائیونڈ حویلی مرکز شامل ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جعلی کرنسی کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے عناصر، جیب تراشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت بھی جاری کی۔
بلال صدیق کمیانہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں کے اطراف پٹرولنگ، ناکہ بندی اور پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔ اس کے علاوہ چیف ٹریفک آفیسر لاہور کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خریداری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔







