رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے ملزمان سے کرپشن کی مد میں 110.25 ملین روپے برآمد کیے گئے، مختلف وفاقی محکموں میں کرپشن میں ملوث 132 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جب کہ بروقت تفتیش مکمل کر کے عدالتوں میں چالان پیش کیے، جن کی روشنی میں عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بیگم سمیت 64 ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی رپورٹ کے مطابق سال 2025ء کے دوران مجموعی طور پر 485 انکوائریاں منطقی انجام تک پہنچائی گئیں، جب کہ موصول ہونے والی شکایات پر 389 نئی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ وفاقی محکموں میں بدعنوانی پر 122 مقدمات درج کیے گئے، جن میں سے 67 کیسز کے چالان مکمل کر کے عدالتوں میں پیش کیے گئے۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ2025ء عدالتی فیصلوں کے لحاظ سے بھی اہم رہا، جہاں 20 مقدمات میں مجموعی طور پر 64 مجرموں کو سزائیں دلوائی گئیں۔ توشہ خانہ II کیس میں سابق وزیراعظم عمران احمد نیازی اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید اور مجموعی طور پر تین کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث ہونے پر حامد جلیل کو 29 سال اور قمر زمان کو 27 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ اسی طرح نسیم مسیح کو 17 سال قید اور 100 ملین روپےکے  بھاری جرمانے کی سزا دی گئی۔ 

ایف آئی اے اسلام آباد زون کی یہ کارکردگی کرپشن کے خاتمے اور قومی خزانے کے تحفظ میں ایک سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔