امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، اگر الخدمت مفت تعلیم دے سکتی ہے تو حکومت کیوں نہیں دے سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد شہر کے تمام نوجوانوں کو21 ،22 اور 23 نومبر کو لاہور مینار پاکستان آنے کی دعوت دیتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر آگے بڑھنا ہے اور نا صرف تعلیم میں اگے بڑھنا ہے بلکہ اسپورٹس کے میدان میں بھی نمایاں کارگردگی حاصل کرنی ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دوسال میں دس لاکھ بچوں کو آئی ٹی کورس کروایں گے ، جس سے آئندہ چند سالوں میں الخدمت کی بدولت آئی ٹی ایکسپورٹ کو تین سے چار بلین ڈالرز کا فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب اپنے حق کے لیے بھی اواز بلند کریں گے اور اپنے اپنے حصے کے چراغ بھی جلائیں گے اور اس مقصد کے لیے الخدمت میدان میں اتر چکی ہے۔

انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اس ٹیسٹ کے بعد فیصل آباد میں ڈگری پروگرام بھی شروع کروایا جائے گا اور ساتھ ہی انٹیویشن سینٹرز بھی بنائے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  جب الخدمت یہ کر سکتی ہے تو حکومت کیوں نہیں کر سکتی۔

انہوں نے نوجوانوں کو امید دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے کبھی مایوس مت ہونا یہ عظیم ملک ہے اور اس ملک پر جن لوگوں کا قبضہ ہے ہم سب نے مل کر اُس  قبضے کوچھڑانا ہے اس لیے اؤ اگے بڑھتے ہیں اور پڑھتے ہیں۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک نا تو جنرل عاصم منیر کا، نا آصف زرداری کا، نا تو نواز شریف اور نا ہی عمران خان، یہ ملک نوجوانوں کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مریم نواز سے کہنا چاہتے ہیں کہ مریم بی بی فوٹو شوٹ بہت ہو گیا ہے، ہمارے ٹیکسوں کے پیسوں سے اپ بہت اشتہار چلا چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک کروڑ بچے پانچ سے 16 سال کی عمر کے درمیان سکولوں سے باہر ہیں، اس کا جواب آپ کو دینا پڑے گا کیونکہ آپ کا خاندان پیچھلے چالیس سال سے اس صوبے میں حکومت کر رہا ہے۔

دوسری جانب، ٹیسٹ دینے آئے ہوئے اسٹوڈنٹس نے پاکستان میٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں یہ ٹیسٹ دینے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

کافی سارے اسٹوڈنٹس نے امید ظاہر کی کہ وہ یہ ٹیسٹ باآسانی پاس کر لیں گے اور اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لیں گے، جس میں بچوں کو کورس سکھائے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن آئی ٹی ٹیسٹ ملک بھر میں منعقد کروا رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکیں۔

یاد رہے کہ اس ٹیسٹ اور کورسز کی کوئی فیس نہیں ہے، یہ الخدمت کی جانب سے بالکل مفت کروائے جا رہے ہیں۔