سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ترجمان این ڈی ایم اے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں اور وہاڑی میں شدید دھند متوقع ہے، جبکہ بالائی سندھ کے علاقوں، بالخصوص سکھر کے اطراف، اور اسلام آباد میں بھی رات اور علی الصبح دھند کے امکانات ہیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک حادثات کا خدشہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے شہری دورانِ ڈرائیونگ محتاط رہیں اور شدید دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ 

ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں، جبکہ عوام مقامی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق تمام ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہی اور متعلقہ اداروں کو ضروری معلومات کی فراہمی کا عمل جاری ہے، جبکہ ممکنہ خطرات، موسمی صورتِ حال اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔