محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ بالائی فضا میں موجود زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 5 جون تک برقرار رہ سکتا ہے۔
کل (بدھ کو) خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام اور رات کے اوقات میں تیز ہوائیں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، جبکہ بلوچستان اور سندھ میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔ تاہم بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں 7 ملی میٹر، جب کہ خیبرپختونخوا کے کاکول میں 3 اور پاراچنار میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
منگل کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی اور سبی میں 48، دالبندین میں 47 اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔






