محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں، جب کہ اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ میں چند مقامات پر آندھی، گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود جبکہ میدانی علاقوں میں موسم گرم رہا۔

تاہم بالائی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، کشمیر، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا میں دیر اور کالام میں 13 ملی میٹر، پاراچنار میں 8، لوئر دیر میں 7، میر کھانی میں 6 اور دروش میں 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح پنجاب میں ڈیرہ غازی خان میں 12 ملی میٹر، کشمیر میں مظفرآباد (سٹی 11، ایئرپورٹ 10) اور گڑھی دوپٹہ میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ بلوچستان میں قلات میں 3 اور ژوب میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گلگت بلتستان کے علاقوں گوپس اور استور میں بھی 1، 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو سب سے زیادہ درجہ حرارت بہاولپور، خیرپور، دادو اور لاڑکانہ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔