ملک احمد خان نے بتایا کہ وہ آج سابق وزیراعظم شہباز شریف کے دائر کردہ ہتکِ عزت کیس میں بطور گواہ پیش ہوئے، جو سات سے آٹھ سال سے زیرِ سماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مقدمات کو برسوں لٹکنا نہیں چاہیے، اور عدلیہ کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ "وکلاء اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر بیٹھنا ہوگا، نظام انصاف میں بہتری کے بغیر عوام کو ریلیف نہیں ملے گا۔ میں پچھلے پندرہ سال سے اس معاملے پر آواز اٹھا رہا ہوں۔"
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وہ ایوان میں اپوزیشن کو بھرپور وقت دیتے ہیں، لیکن آئین کی تشریح اور ترمیم کا حق صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے، عدلیہ کو اس دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
قبل ازیں، سیشن کورٹ لاہور میں شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی۔







