بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ اطلاع ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا کارکن جاں بحق ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ حکام کہاں ہیں اور الیکشن کمیشن کیا کر رہا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ دو روز قبل بھی ن لیگی رہنما سردار عمیر نعیم کی ساتھیوں سمیت کھلے عام فائرنگ کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی۔ ان کے مطابق اگر اس وقت متعلقہ حکام نوٹس لے لیتے تو آج ایک قیمتی انسانی جان ضائع نہ ہوتی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال میں جیالے مختار یونس کی شہادت پر لواحقین سے اظہار افسوس
— PPP (@MediaCellPPP) July 27, 2026
مجھے اطلاع ملی ہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کرکے میرے کارکن مختار یونس کو شہید کیا گیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری…
بلاول بھٹو نے کہا کہ شکست کے خوف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہوا۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور چند افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے علاوہ کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں پولنگ کے لیے انتظامات بہتر تھے۔






