الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی تھی اور پہلے شام 5 بجے تک جاری رہنی تھی، تاہم ووٹرز کی سہولت کے لیے وقت میں توسیع کی گئی۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز اب شام 6 بجے تک اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
دوسری جانب خراب موسم، شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حلقہ ایل اے-27 کے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں، کیونکہ پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت متعلقہ علاقوں تک نہیں پہنچ سکا۔
الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اس حلقے میں پولنگ کی نئی تاریخ بعد میں جاری کی جائے گی۔ اسی طرح حلقہ ایل اے-28 مظفرآباد 2 (لچھراٹ) کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر بھی پولنگ 4 اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق وادی نیلم میں ووٹ ڈال کر واپس آنے والے افراد کی گاڑی بجلی کی تار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 7 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھمقام منتقل کر دیا گیا۔
ادھر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ کے شرپسند عناصر نے ناقابل برداشت حرکت کی ہے، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی نے بعض حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے ہیں اور اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو باضابطہ شکایتی خط ارسال کیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ انتخابات پرامن انداز میں جاری ہیں اور دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے مظفرآباد میں پولنگ اسٹیشن کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی دباؤ میں آئے بغیر قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دے گا، انٹرنیٹ کی بحالی کے لیے متعلقہ حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 1,483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 533 انتہائی حساس، 741 حساس اور 209 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔ اس مرحلے میں مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے اضلاع کے علاوہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں پر بھی ووٹنگ جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریباً 8 لاکھ 95 ہزار جب کہ مہاجرین کی نشستوں پر ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار سے زائد ہے۔
دوسری جانب بعض علاقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ توقع سے کم رہا، جہاں مقامی مبصرین کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کی جانب سے انتخابی بائیکاٹ کی کال کا بھی اثر دیکھنے میں آیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر انتخابی عمل جاری ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔






