آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے انتخابات کے پہلے مرحلے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ مجموعی طور پر پرامن ماحول میں منعقد ہوئی اور انتخابی عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا، جب کہ ووٹرز نے بھی جمہوری عمل میں فعال شرکت کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کیے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق سماہنی میں پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مؤثر کردار ادا کیا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں سے 12 کے نتائج موصول ہو چکے ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) 8 نشستوں پر جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ انتخابی نتائج تاحال غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، حتمی نتائج الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔