لاہور میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات کے لیے بہترین امیدواروں کا انتخاب ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹکٹ ہمیشہ میرٹ پر دیے جائیں اور اس اصول پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر دونوں علاقوں میں ہونے والے باہمی جھگڑے پارٹی کے لیے نقصان دہ ہیں، ایسے جھگڑوں میں ملوث افراد کو آئندہ انتخابی عمل سے دور رکھا جائے گا کیونکہ یہی لڑائیاں پارٹی کو کئی نشستوں سے محروم کر دیتی ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ موجودہ سیاسی فضا ان کے حق میں بہتر ہے اور پارٹی کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، تاہم ٹکٹوں کے لیے آنے والے امیدواروں میں اپنے اور پرائے کی پہچان رکھنا ضروری ہے۔
ہمارے دور میں دیے گئے فنڈز نے ماضی کی کمی کو کافی حد تک کم کیا۔ لیکن فنڈز اسی رفتار سے استعمال نہیں ہوئے جس طرح میں چاہتا تھا۔ مکمل یوٹیلائزیشن نہیں ہوئی۔ میں شہباز شریف صاحب سے بھی بات کروں گا کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہیے۔
— PMLN (@pmln_org) December 12, 2025
صدر… pic.twitter.com/Z1z2oxIp93
این ایف سی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو خود آگے بڑھ کر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ان کا مناسب حصہ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں پہلے ہی این ایف سی سے بڑھ کر سرمایہ کاری کی جاچکی ہے، جیسا کہ گلگت اور سکردو ہائی وے پر 50 ارب روپے سے زیادہ خرچ کیے گئے۔
ان کے مطابق اگر این ایف سی کے تحت فنڈز ملتے تو اتنی رقم بھی نہیں پہنچ سکتی تھی جتنی پہلے ہی خرچ ہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 540 ملین ڈالرز قرض کی منظوری دے دی
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں علاقوں کے حقوق کے مطابق انہیں مستقل بنیادوں پر فنڈز ملنے چاہئیں اور یہ معاملہ کسی فردِ واحد کی مرضی پر نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی فنڈز کو مؤثر طریقے سے خرچ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا بھی ضروری ہے، کیونکہ اکثر اوقات وہاں بجٹ مکمل طور پر استعمال نہیں ہو پاتا۔
این ایف سی ایوارڈ کے لیے مطالبہ گلگت بلتستان یا آزاد کشمیر سے آنے کی ضرورت نہیں۔ وفاقی حکومت کو خود یہ قدم اٹھانا چاہیے۔ آپ کو بھی کہنا چاہیے میں بھی اس پرائم منسٹر سے بات کروں گا۔گلگت سکردو ہائی وے پر پچاس ارب سے زیادہ خرچ ہوا ہے۔
— PMLN (@pmln_org) December 12, 2025
صدر مسلم لیگ (ن) میاں نوازشریف pic.twitter.com/OcecK6MlJx
سابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو ہدایت دی کہ وہ یہ پیغام وزیراعظم شہباز شریف تک پہنچائیں اور انہوں نے خود بھی اس حوالے سے بات کرنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر سال دونوں علاقوں کے لیے مخصوص رقم کا باقاعدہ اعلان ہونا چاہیے تاکہ فنڈز میں کمی بیشی کا انحصار کسی فرد یا ادارے کی صوابدید پر نہ رہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ انتخابات کے لیے درخواستیں جمع کروائیں اور جب درخواستیں موصول ہوں گی تو وہ خود مظفر آباد، گلگت یا سکردو جا کر امیدواروں سے ملاقات کریں گے تاکہ بہتر سیاسی فیصلے کیے جا سکیں۔






