سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اگست 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کروائی ہے۔ اس درخواست پر باقاعدہ سماعت کل ہوگی۔
حکومتی پالیسی کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک پر بھی ہوگا اور امکان ہے کہ اکتوبر کے بلوں میں اگست کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ شامل کی جائے گی۔
اس سے قبل نیپرا نے رواں ماہ کے الیکٹرک کے لیے جون اور جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت کے الیکٹرک صارفین کو 2 روپے 57 پیسے فی یونٹ کمی کی صورت میں ریلیف مل رہا ہے۔
ملک کے دیگر صارفین کے لیے جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی تھی، جس کا فائدہ ڈسکوز صارفین کو رواں ماہ کے بلوں میں فراہم کیا جا رہا ہے۔







