پونچھ ڈویژن سے متعلق انتخابی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کے اعتماد کا واضح اظہار ہے، کشمیری عوام نے وفاقی اور پنجاب حکومت کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے نعروں کے بجائے عملی کارکردگی کو ترجیح دی اور ترقیاتی منصوبوں، عوامی خدمات اور بہتر طرزِ حکمرانی پر اعتماد کا اظہار کیا، ملک کے دیگر علاقوں کے عوام بھی پنجاب کی طرز پر ترقی اور سہولیات چاہتے ہیں۔
طلال چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابی نتائج کو کھلے دل سے قبول کریں، کیونکہ جمہوری نظام میں کامیابی اور ناکامی دونوں سیاسی عمل کا حصہ ہوتی ہیں، سیاسی رہنماؤں کو ایسے مواقع پر برداشت اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اجلاس میں پونچھ ڈویژن کے ضلعی کوآرڈینیٹرز، حلقہ کوآرڈینیٹرز اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے شرکت کی۔ اس دوران آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے انتخابی مہم، پولنگ ڈے کے انتظامات اور پارٹی کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ مملکت نے اس موقع پر پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کرتے ہوئے عوام سے رابطہ مزید مؤثر بنائیں تاکہ آئندہ مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) اپنی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھ سکے۔







