آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جنوری 2026 کو پہلی کارروائی بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے مضافاتی علاقے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں فتنۃ الخوارج نامی عسکریت پسند گروہ کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 30 بھارتی حمایت یافتہ شدت پسند ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
اسی دن بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں فتنۃ الہندوستان نامی گروہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا۔ اس کارروائی میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم، مزید ہتھیار اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔
مزید پڑھیں: میانوالی میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کئی دہشت گردانہ حملوں اور غیر ملکی حمایت یافتہ کارروائیوں میں ملوث تھے،علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ بلوچستان میں مکمل امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
پاک فوج نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ یہ دونوں کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں اور انہیں فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان جیسے گروہوں کے خلاف بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر انجام دیا گیا،نیشنل ایکشن پلان (NAP) کے تحت منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری پُرعزم ہیں اور دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک اپنے آپریشنز کو جاری رکھیں گے۔







