سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پروگرام منعقد کیا گیا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات بلوچستان میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ شدید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کسی ایک صوبے تک محدود نہیں ہوتیں، محدود وسائل کے باوجود صوبائی حکومت نے کلائمٹ فنڈ قائم کیا ہے تاکہ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کی شرح میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کو عدالت نے بھی روکا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کون سے ایسے انتخابات ہوتے ہیں جن کی مدت صرف آٹھ ماہ ہو، تمام سیاسی جماعتوں نے گورنر بلوچستان کو باضابطہ درخواست دی ہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئی بھی حکومت نہیں چاہتی کہ مار دھاڑ ہو یا معصوم لوگ جان سے جائیں۔ ریاست کا بنیادی فریضہ حکومت کی رِٹ قائم کرنا ہے اور اسی مقصد کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 700 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ سلطان گولڈن ہمارے بزرگ ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔






