برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہےاور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات، برداشت اور سفارت کاری کو تنازعات کے حل کا واحد مؤثر ذریعہ سمجھتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں کشیدگی میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں، اس لیے ضروری ہے کہ تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں، پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں پاکستان نے ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عمل کی مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا اور کہا کہ برطانیہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں: امریکا سے مذاکرات کے لیے وفد پاکستان آئے گا یا نہیں؟ ایرانی وزارت خارجہ نے بتا دیا
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور قریبی تعاون ناگزیر ہے۔







