محکمہ زکوٰۃ و عشر پنجاب کے زیر اہتمام آج 38واں اجلاس اسمبلی چیمبر میں منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد نصراللہ نے کہا کہ ایماندار قیادت کے آنے سے رواں مالی سال مخیر پاکستانیوں نے محکمہ زکوٰۃ و عشر کے سرکاری اکاؤنٹس میں 20 کروڑ روپے جمع کروائے، تاکہ یہ رقم غریب اور ضرورت مند افراد تک پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک کی امداد ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر بڑھا دی گئی ہے، تاکہ غریب افراد کو علاج کی بہترین سہولت میسر آ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلاب دیوی ہسپتال کو 10 ملین روپے کی گرانٹ دی جا رہی ہے، جب کہ پیچھلے سال پنجاب میں جن 46 ہسپتالوں کو گرانٹس جاری کی جاتی تھیں، ان میں بھی مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 اضلاع میں تھیلیسیمیا سینٹرز کو فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں، جب کہ سندس فاؤنڈیشن کو بھی تھیلیسیمیا کے بچوں کے علاج کے لیے گرانٹ دی جائے گی۔

چیئرمین پنجاب زکوٰۃ کونسل ایم پی اے رانا منور غوث نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ہم حق داروں کو ان کا حق ضرور پہنچائیں گے۔ عوامی حکومت کا مشن غریب عوام کی فلاح و بہبود ہوتا ہے۔

رانا منور غوث نے کہا کہ پنجاب میں شادی گرانٹ اسکیم جاری رکھی جائے گی اور صوبائی سطح کے ہسپتالوں کو فنڈز کے اجرا میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

پنجاب زکوٰۃ کونسل کے 38ویں اجلاس میں سیکرٹری زکوٰۃ و عشر عرفان سندھو کے علاوہ پنجاب بھر سے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔