ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے زیر اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18ویں یومِ شہادت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد، ادارے کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید محترمہ نے اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جرات، استقامت اور بصیرت کے ساتھ آگے بڑھایا اور جمہوریت، انسانی حقوق اور عوامی فلاح کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ کے وژن اور عوام دوست سوچ کا عملی مظہر ہے، جس کے ذریعے مستحق گھرانوں کی خواتین کو بااختیار بنایا گیا۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے تحت خواتین کو گھرانے کی سربراہ کا درجہ ملا، شناختی کارڈ کے ذریعے ان کی شہری شناخت مستحکم ہوئی، مالی نظام میں شمولیت ممکن ہوئی اور ووٹ کے حق کو تقویت ملی۔

انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے بی آئی ایس پی کا کردار نہایت اہم ہے اور اس پروگرام کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ خواتین اپنی طاقت، حوصلہ اور فکری آزادی بی بی شہید کے نام سے حاصل کرتی ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ بی آئی ایس پی گزشتہ 18 برسوں سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر عمل پیرا ہے اور آج ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کی ہدایات پر دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے ایک کروڑ مستحق خواتین کو مالی نظام میں بااختیار شمولیت دی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: 15 جنوری سے عوامی ریفرنڈم کا آغاز ہوگا، گلی گلی اور گاؤں گاؤں پھیلے گا، حافظ نعیم الرحمان

ان کا کہنا تھا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ بینظیر ہنرمند پروگرام اور بینظیر نشوونما پروگرام خواتین، ماؤں اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم سنگِ میل ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بی آئی ایس پی کے پلیٹ فارم سے خواتین کے حقوق، سماجی تحفظ اور معاشی خودمختاری کے لیے جدوجہد کا یہ سفر جاری رہے گا۔

تقریب کے دوران بی آئی ایس پی آفیسر ایسوسی ایشن کے صدر سردار عظمت نے بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جب کہ محترمہ کی یاد میں کلام اور نغمے بھی پیش کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔