ایونٹ کے ڈسپلے ایریا میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے طیارے ایک دوسرے کے قریب کھڑے رہے، جس نے ماہرین اور شرکا کی خاص توجہ حاصل کی اور اس امتزاج کو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عملی اظہار قرار دیا گیا۔
ابتدائی روز فضائی حدود مختلف ممالک کے جنگی اور تجارتی طیاروں کی رنگا رنگ فلائنگ ڈسپلے سے گونجتی رہیں۔ ہوا بازوں نے اونچی پروازوں، اسپیڈ ڈیمون اور فارمیٹ فلائٹ میں اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا، جسے شرکا نے بے حد سراہا۔
پاکستان ایئر فورس کا جے ایف-17 تھنڈر اس بار بھی ایئر شو کی نمایاں توجہ کا مرکز رہا۔ مئی کے معرکے میں پاکستان کی فضائی صلاحیتوں کے اظہار کے بعد شائقین کی دلچسپی میں مزید اضافہ دیکھا گیا۔ متعدد ملکی اور غیر ملکی شرکا سبز ہلالی پرچم سے سجے جے ایف-17 کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے اور پاکستانی پائلٹس کی مہارت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستانی اور اماراتی طیاروں کی مشترکہ فلائٹ پرفارمنس نے بھی ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔ حاضرین نے دونوں ممالک کے پائلٹس کی ہم آہنگی اور فنی مہارت پر دل کھول کر داد دی۔
پانچ روزہ ایئر شو کے دوران عالمی دفاعی معاہدوں، نئی ٹیکنالوجیز کی لانچنگ اور روزانہ کی فلائنگ ڈسپلے کے سلسلے جاری رہیں گے، جس میں دنیا بھر کی فضائی صنعت اپنی جدید ترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔







