پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ آپریشن بنیانِ مرصوص میں دشمن کو واضح شکست دی گئی۔ چھ اور سات مئی کی رات جب پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا، پاک فضائیہ نے نہ صرف بروقت جواب دیا بلکہ دشمن کے رافیل سمیت جدید ترین طیاروں کو بھی نشانہ بنایا۔
ان کے مطابق 10 مئی کو دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے ہٹ کیا گیا اور آپریشن میں پاکستان نے سائبر وارفیئر میں اپنی برتری ثابت کی۔ رافیل طیارے پاک فضائیہ کے سامنے صفر ثابت ہوئے، دشمن کی ہر حرکت لمحوں میں مانیٹر کی گئی اور ہمارے آپریشن فوری اور مؤثر ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کو اس سے بھی زیادہ نقصان پہنچا سکتے تھے مگر ہم ایک پروفیشنل فورس ہیں اور ہمارا ہر ایکشن کیلکولیٹڈ ہوتا ہے، جس کا مقصد عزت کے ساتھ امن کا حصول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فضائیہ کی کامیابی اور جدید جنگی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور متعدد ممالک اس آپریشن کا مطالعہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ ملک کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق کے دوران قائدانہ کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن جس نے ہماری امن کی خواہش کو چیلنج کیا اسے ہمیشہ جواب ملا۔ ہم ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں اور قوم کا اعتماد ہماری اصل طاقت ہے۔







