میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ اس بات کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں کہ جن طلبہ نے گزشتہ دو سال سے آئی ٹی کلاسز میں باقاعدگی سے تعلیم حاصل کی ہے ان کا کورس ہر حال میں مکمل ہو،طلبہ نے بڑی محنت اور امید کے ساتھ اس پروگرام میں حصہ لیا ہے، اس لیے ان کی تعلیم کا سلسلہ رکنا نہیں چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے سماجی اور فلاحی اداروں سے رابطے کیے گئے ہیں، اس مقصد کے لیے جے ڈی سی فاؤنڈیشن پاکستان، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ اور بدر ایکسپو سلوشنز سے بات چیت جاری ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھی جا سکے۔
انہوں نے اس بات کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ آئی ٹی پروگرام کے اخراجات نئے گورنر پر بوجھ نہ بنیں اور متبادل ذرائع سے اس کے لیے مالی معاونت کا انتظام کیا جائے،اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنا اور انہیں عالمی سطح پر روزگار کے مواقع سے جوڑنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کراچی کے نوجوان جدید آئی ٹی مہارتیں حاصل کر لیں اور امتحانات میں کامیاب ہو جائیں تو وہ دنیا بھر کی کمپنیوں کے ساتھ کام کر کے ہزاروں ڈالر ماہانہ کما سکتے ہیں، پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور انہیں صرف صحیح مواقع اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مختلف فلاحی اور نجی اداروں کے تعاون سے آئی ٹی پروگرام کو مزید وسعت دی جا سکے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکیں اور ملک کی معیشت میں مثبت کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ہنر فراہم کرنے کے منصوبے آئندہ بھی جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ پاکستان کے نوجوان عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بن سکیں۔







